ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منیش سسودیا اور کے کویتا کو عدالت سے لگا پھر جھٹکا، حراست میں 25 جولائی تک توسیع

منیش سسودیا اور کے کویتا کو عدالت سے لگا پھر جھٹکا، حراست میں 25 جولائی تک توسیع

Wed, 03 Jul 2024 18:56:42    S.O. News Service

نئی دہلی، 3/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) منیش سسودیا اور کے کویتا کو دہلی آبکاری پالیسی کیس سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں عدالت سے ایک بار پھرجھٹکا لگا ہے۔ راؤز ایونیو کورٹ نے دہلی کے سابق وزیر اور عام آدمی پارٹی کے لیڈر منیش سسودیا اور بی آر ایس لیڈر کے کویتا کی عدالتی تحویل میں 25 جولائی تک توسیع کر دی ہے۔ دونوں لیڈروں کو بدھ  کو راؤز ایونیو کورٹ میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پیش کیا گیا۔

منیش سسودیا اور کے کویتا کی عدالتی حراست ختم ہو چکی تھی جس کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت میں اب ای ڈی سے متعلق اہم معاملے کی سماعت 25 جولائی کو ہوگی۔ اسی  معاملے میں وزیر اعلی اروند کیجریوال بھی حراست میں ہیں، جنہیں گزشتہ ماہ ضمانت بھی مل گئی تھی مگر دہلی ہائی کورٹ نے اس پر روک لگا دی۔ دہلی آبکاری پالیسی معاملے میں عام آدمی پارٹی کے کئی لیڈروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ دہلی میں نومبر 2021 میں وزیر اعلی اروند کیجریوال کی قیادت میں نئی آبکاری پالیسی لائی گئی تھی۔ اس کا مقصد شہر میں شراب کی فروخت کو بہتر بنانا تھا۔ جولائی 2022 میں دہلی کے چیف سکریٹری نریش کمار نے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ کو اس پالیسی میں ہونے والی خلاف ورزیوں کی شکایت کی، جس کے بعد لیفٹیننٹ گورنر نے اس معاملے کی جانچ سی بی آئی کو سونپنے کی سفارش کی۔ سی بی آئی کی رپورٹ میں مبینہ طور پر 580 کروڑ روپے سے زیادہ کا مالیاتی نقصان درج کیا گیا۔

اس معاملے میں ای ڈی نے الزام لگایا کہ یہ پالیسی جان بوجھ کر عام آدمی پارٹی کے لیڈروں کی حمایت اور بدعنوانی کو فروغ دینے کے لیے خامیوں کے ساتھ تیار کی گئی تھی۔ اس میں عآپ لیڈروں پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے شراب کے تاجروں سے کووڈ-19 وبائی امراض کے دوران رعایت، لائسنس فیس میں چھوٹ اور ریلیف جیسے ترجیحی معاملات کے عوض رشوت لی۔ اس معاملے میں عآپ  سمیت بی آر ایس لیڈروں کے نام شامل ہوئے۔ کئی گرفتاریاں بھی ہوئیں، جن میں سب سے بڑا معاملہ وزیر اعلی اروند کیجریوال کا رہا جنہیں اس سال مارچ میں گرفتار کیا گیا ۔ ان سے قبل منیش سسودیا اور سنجے سنگھ کو گرفتار کیا گیا تھا۔ سنجے سنگھ فی الوقت ضمانت پر جیل سے باہر ہیں۔


Share: